اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )الیکشن کمیشن نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے اپنے دائرہ اختیار پر درخواستوں کی سماعت 2نومبر تک ملتوی کر دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے پاناما لیکس پر تحقیقات کے دائرہ اختیار پر درخواستوں کی سماعت 2نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے عوامی تحریک کی درخواست پر وزیر اعظم کے وکیل کو جواب پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔
پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کی درخواستوں کی سماعت آج الیکشن کمیشن میں ہوئی ، سماعت شروع ہوئی تووزیر اعظم کا جواب انکے وکیل سلمان بٹ نے الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا ۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، اسحاق ڈار اور حمزہ شہباز کا جواب بھی جمع کرایا گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اپنے جواب میں پاناما لیکس سے متعلق تمام درخواستین خارج کرنے کی اپیل کر دی تاہم الیکشن کمیشن نے تمام درخواستوں کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی ۔
وزیر اعظم کے وکیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ دورخواستوں پر سماعت کے اختیار کا فیصلہ پہلے کیا جائے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کا فیصلہ پہلے ہونا چاہئیے تاہم پاناما لیکس پر تمام درخواستیں مماثلت رکھتی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب درخواستوں کا جائزہ لیکر فیصلہ کریں گے اور تمام درخواستوں پر اعتراضات کو اکٹھا سنیں گے اور کوشش ہو گی کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں ۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت بھی دو نومبر تک ملتوی۔



